شاہ فیصل ندی کے راستے پر ڈاکوؤں کا راج - Mr.IT

Mr.IT

Technology Education

Post Top Ad

Responsive Ads Here
شاہ فیصل ندی کے راستے پر ڈاکوؤں کا راج

شاہ فیصل ندی کے راستے پر ڈاکوؤں کا راج

Share This

کراچی: کورنگی کی حدود شاہ فیصل ندی کا راستہ شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا۔

کورنگی تھانے کی حدود چمڑا چورنگی کے قریب سے شاہ فیصل کالونی 5 نمبر جانے والا ندی کا راستہ پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث ڈاکوؤں کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گیا، مذکورہ راستہ اختیار کرنے والے شہریوں کو نقاب پوش ڈاکو ناکے لگاکر یرغمال بناتے ہیں اور قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر پوری تلاشی لے کر لوٹتے ہیں۔

اس حوالے سے 2 روز قبل اسی مقام پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والے عامر نے بتایا کہ وہ افطار سے کچھ دیر قبل اپنے دوست کے ہمراہ موٹر سائیکل پر شاہ فیصل کالونی جارہا تھا اور جیسے ہی ندی کے درمیان پہنچا نقاب لگائے ہوئے 3 ڈاکوؤں نے انھیں روک لیا ایک کے ہاتھ میں اسلحہ ، دوسرے کے پاس ڈنڈا جبکہ تیسرا ڈاکو موبائل پر اپنے دیگر ساتھیوں سے رابطہ میں تھا  ڈاکو  نے انھیں اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل سے اتارکر قریبی جھاڑیوں میں لے گئے جہاں پر پہلے سے4 افراد موجود تھے اور انھیں بھی یرغمال بنایا گیا تھا۔

عامر نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے ہم دونوں کی مکمل تلاشی کے دوران مجھ سے 27 ہزار روپے نقد اور موبائل جبکہ میرے دوست سے6 ہزار روپے نقد اور اس کا مہنگا موبائل فون چھین لیا  ڈاکوؤں نے موبائل سے سم نکال کر واپس کردی جبکہ شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ سمیت تمام دستاویزات واپس کردی۔

یرغمال شہریوں کا افطاری کا وقت بھی ان کی قید میں گزرا ، ڈاکوؤں کا گروہ اتنے منظم انداز میں لوٹ مار کررہا تھا کہ ندی کے دونوں جانب ان کے کارندے موجود تھے اور وہ آنے جانے والوں کے بارے میں موبائل فون پر رابطہ کرکے پیشگی اطلاع دیتے تھے جبکہ وہ تمام باتیں سندھی زبان میں کررہے تھے انھوں مزید بتایا کہ ندی میں آنے والے ایک موٹر سائیکل سوار کو روکنے کے لیے وہ جیسے ہی ندی کے راستے پر اترے کہ موٹرسائیکل سوار انھیں بھانپ گیا اور موٹرسائیکل موڑکر دوبارہ اسی جانب چلا گیا جہاں سے وہ آیا تھا۔

اس صورتحال پر تینوں ڈاکو وہاں سے فرار ہوگئے اور ان کے جانے کے بعد یرغمال بنائے ہوئے دیگر افراد کو نکلنے کا موقع ملا ، ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انھیں پولیس کے آنے کا کوئی ڈر اور خوف نہیں تھا اور وہ آزادانہ شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے۔

ضلع کورنگی میں اسٹریٹ کرائم اور ناکے لگاکر لوٹ مار کی وارداتوں میں تشویشناک اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہوا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے بھی روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاریوں کے دعوے بھی سامنے آتے ہیں لیکن اس کے باوجود پولیس اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کسی بھی قسم کی موثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے جس کا خمیازہ شہری نہ صرف ڈاکوؤں کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار کر برداشت کرتے ہیں بلکہ قیمتی سامان سے بھی محروم کر دیے جاتے ہیں۔

 

The post شاہ فیصل ندی کے راستے پر ڈاکوؤں کا راج appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Jdr22d

No comments:

Post a Comment

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages