یہ انوکھی دنیا - Mr.IT

Mr.IT

Technology Education

Post Top Ad

Responsive Ads Here

ترکی میں گلہری کو مصنوعی پنجے مل گئے

ترکی سے شائع ہونے والے روزنامہ ’’الصباح‘‘ نے ترکی کی ایک گلہری کے حوالے سے  ایک خاص  واقعے کی خبر شائع کی ہے۔

اخبار کے مطابق   ترکی کے علاقے بیٹ مین میں یہ عجیب واقعہ پیش آیا، جہاں کیرامیل نامی ایک گلہری جو شکاریوں کے لگائے گئے دام میں پھنس کر اپنے دونوں پنجے گنوا بیٹھی تھی، مگر بعد میں اسے ترکی کی یونی ورسٹی کے ماہرین نے  مصنوعی پہیے لگاکر چلنے اور بھاگنے دوڑنے کے قابل بنادیا۔ اس طرح کیرامیل کو اپنی معذوری سے نجات مل گئی۔ کہا جارہا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی گلہری ہے جسے اس انداز سے پہیے لگاکر چلنے پھرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ اس طرح کیرامیل کے لیے وہ زندگی ایک بار پھر پُرلطف اور آسان بن گئی ہے جسے وہ کچھ عرصے پہلے تک عذاب سمجھنے لگی تھی۔ اب وہ ان پہیوں کی مدد سے ہر طرف پھدکتی پھرتی ہے۔

کچھ عرصے پہلے کیرامیل بیٹ مین کے ایک میدان میں بھاگی پھررہی تھی کہ اس کے پنجوں کے اگلے حصے شکاریوں کے بچھائے گئے دام میں پھنس گئے اور جب اسے وہاں سے نکالنا ممکن نہ رہا تو اس کے دونوں پنجے آپریشن کے ذریعے  کاٹنے پڑے، جس کی وجہ سے غریب کیرامیل اپنے دونوں پنجوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے محروم ہوگئی۔ کیرامیل کی اس نئی زندگی کے پیچھے جانوروں سے محبت اور ہم دردی کرنے والے Istanbul Aydin University کے کچھ ماہرین کا ہاتھ ہے جن کی کوششوں سے یہ سب ممکن ہوا۔ یونی ورسٹی کے ان سائنس دانوں نے  کیرامیل کے لیے  مصنوعی پہیوں کا ایک سیٹ تیار کیا جو اس کے دونوں پنجوں کی جگہ لگایا جاسکے۔ اب کیرامیل تیزی سے روبہ صحت ہورہی ہے۔

اس کا آپریشن کرنے والے سرجنوں کو امید ہے کہ وہ بہت جلد اس کی عادی ہوجائے گی اور جلد ہی خود کھانے بھی لگے گی۔  بہ ظاہر ایرامیل اپنی اس بدلی ہوئی حالت سے بہت خوش دکھائی دے رہی ہے، اس لیے کچھ ہی عرصے میں وہ ان پہیوں کی عادی بھی ہوجائے گی۔

شکاری خود شکار ہوگیا
امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک تجربہ کار  51سالہ شکاری رابرٹ میل ہیمر زخمی ہوکر اسپتال جا پہنچا، اصل میں آسمان میں پرواز کرتے ایک ہنس پر کسی شکاری نے زمین سے فائر کیا تو وہ زخمی ہوکر مرگیا اور پھر یہ مردہ ہنس اس شکاری یعنی رابرٹ میل ہیمر کے سر پر گرگیا جس کی وجہ سے شکاری کے اس قدر شدید چوٹ آئی کہ وہ بے ہوش اور زخمی ہوکر اسپتال جاپہنچا۔ اصل میں رابرٹ میل ہیمر  اپنے تین دوستوں کے ساتھ  دریائے مائلز کے قریب، میری لینڈ میں ہنس کا شکار کرنے گیا تھا۔

یہ شام پانچ بجے کا وقت تھا جب شکاریوں کے کسی اور گروپ نے  فضا میں اڑتے ہوئے ہنسوں کا نشانہ لے کر فائر کردیا  جو ایک ہنس کو لگا اور وہ مردہ حالت میں رابرٹ میل ہیمر  کے سر پر آن گرا جس کی وجہ سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا اور  اس کے دو دانت بھی ٹوٹ گئے، اسے اسی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، مگر بعد میں اس کی حالت بہتر ہوگئی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ پرندہ 10سے 14پائونڈ تک وزنی ہوتا ہے اور اگر یہ کسی انسان کے سر پر گر جائے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا کیا حشر ہوگا۔

شادی کے موقع پر دلہن منہ پر کالک
ویسے تو دنیا کے اکثر ملکوں میں شادی کے موقع پر دولھا اور دلہن کے ساتھ عجیب و غریب رسوم منائی جاتی ہیں، لیکن اسکاٹ لینڈ میں تو دلہن کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے کہ آپ نے سوچا بھی نہ ہوگا۔ اس بے چاری کا منہ کالا کردیا جاتا ہے۔ اس موقع پر شریک مہمان خوب ہنستے اور قہقہے لگاتے ہیں اور ہر طرح اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ لیکن اسکاٹ لینڈ کے بعض لوگ اسے پاگل پن کی رسم بھی قرار دیتے ہیں، کیوں کہ ان کے خیال میں شادی کے موقع پر دلہن کے چہرے کو سیاہ کرنا کوئی خوشی کی بات نہیں ہے اور اسی لیے وہ اسے پسند نہیں کرتے۔

اسکاٹش لوگ دوسری یورپی لوگوں کی طرح نہیں ہوتے، ان کے مرد اہم مواقع پر اسکرٹ پہنتے ہیں اور یہ لوگ اپنے بیگ سے میوزک بھی بجاسکتے ہیں۔ لیکن اپنی دلہنوں کے ساتھ ان کا رویہ کچھ اچھا نہیں ہوتا، کیوں کہ یہ نئے شادی شدہ جوڑے اور خاص طور سے دلہن کے منہ پر ایسی اشیا پھینکتے ہیں جن سے اس بے چاری کا منہ کالا ہوجاتا ہے۔ وہ اپنی اس رسم کو ’’دلہن کا منہ کالا‘‘ کا نام دیتے ہیں۔ یہ اسکاٹ لینڈ کی قدیم ترین رسم ہے جو صدیوں سے اسکاٹ لینڈ میں منائی جارہی ہے۔ دلہن پر اچانک حملہ اس بے چاری کو حیران و پریشان کردیتا ہے، کیوں کہ اسے اندازہ بھی نہیں ہوپاتا اور مہمان اس کی خاطر کسی بھی عجیب چیز سے کرڈالتے ہیں۔ وہ دلہن پر دودھ کی برسات بھی کرسکتے ہیں، گندے انڈے پر پھینک سکتے ہیں اور شیرے، گاڑھی مٹی اور دیگر شربتوں سے بھی اس کے ساتھ یہ انوکھی رسم مناسکتے ہیں۔

بارہ سنگھے نے بدلہ لے لیا

امریکی بارہ سنگھا کینیڈا اور شمالی امریکا کے جنگلی علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ جانور بڑا منتقم مزاج ہوتا ہے۔ گذشتہ ہفتے الاسکا کے برفانی جنگل میں ایک امریکی بارہ سنگھے نے بڑی عجیب و غریب حرکت کی، اس نے ایک آدمی کے پیر پر لات رسید کی جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، کیوں کہ اس کی لات نے اس آدمی کو بری طرح زخمی کردیا۔ مگر بعد میں جب دیکھنے والوں کو یہ پتا چلا کہ اس بارہ سنگھے نے پہل نہیں کی تھی، بلکہ پہل اس آدمی نے کی تھی اور امریکی بارہ سنگھے کے بلاوجہ لات ماری تھی ۔

جس کے جواب میں بارہ سنگھے نے اس سے بدلہ لیا اور اس کے بالکل اسی انداز سے لات رسید کی جس طرح اس آدمی نے رسید کی تھی۔ اس آدمی نے صرف امریکی بارہ سنگھے کو ہی نہیں مارا تھا، بلکہ اس کے بچے کو بھی ٹھوکر ماری تھی جس کا بدلہ لیتے ہوئے بارہ سنگھے نے اس آدمی کو اتنی زور دار لات ماری کہ اسے بری طرح زخمی کردیا جس کے باعث اس آدمی کو اسپتال میں بھی داخل کرنا پڑگیا۔ اس واقعے کے بعد امریکی بارہ سنگھا اور اس کا بچہ ناراض ہوکر وہ علاقہ بھی چھوڑ کر چلے گئے۔ یہ واقعہ الاسکا میں پہرے پر مامور فوجیوں کے سامنے پیش آیا تھا جو اس واقعے کے چشم دید گواہ ہیں۔

The post یہ انوکھی دنیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2HFctXP

No comments:

Post a Comment

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages